پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کو 28 ارب روپے کا خسارہ

161

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزتیزی کے بعدکاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کواتارچڑھائو کے بعد مندی رہی تاہم کے ایس ای100انڈیکس 30200پوائنٹس کی نفسیاتی حدپر برقراررہا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے28ارب53کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے ،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت 13.69 فیصد زائدجبکہ59.06فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ،ٹیلی کام،کیمیکل،فوڈزاورتوانائی سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 30745پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم پاک بھارت کشیدگی، فروخت کے دبائو،پرافٹ ٹیکنگ اورملکی معاشی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث مقامی سرمایہ گروپوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس 30144کی سطح پربھی دیکھاگیاتاہم بعد غیرملکی سرمایہ کاروں ی جانب سے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی گئی جس کے نتیجے میں70پوائنٹس ریکور ہوگئے تاہم اتارچڑھائوکاسلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس29.96پوائنٹس کمی سے30214.77پوائنٹس پر بندہوا۔جمعرات کومجموعی طورپر342کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے122کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،202کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ18کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 28 ارب 53 کروڑ31لاکھ48ہزار422روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 61 کھرب 38 ارب 60 کروڑ 26 لاکھ 96 ہزار 725 روپے ہوگئی۔ جمعرات کو مجموعی طور پر 14 کروڑ 65 لاکھ37 ہزار 210 شیئرزکا کاروبار ہوا، جوبدھ کی نسبت 1 کروڑ 76 لاکھ 50 ہزار 680 شیئرز زائد ہیں۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے کولگیٹ پامولیوکے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت87.30روپے اضافے سے1833.46روپے اورملت ٹریکٹرکے حصص کی قیمت28.49روپے اضافے سے693.61روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی نیسلے پاک کے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت 304.75 روپے کمی سے5790.25روپے اوروائتھ پاک لمیٹڈکے حصص کی قیمت17.71روپے کمی سے585.79روپے ہوگئی ۔جمعرات کومیپل لیف کی سرگرمیاں1کروڑ71لاکھ69ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرزکی قیمت57پیسے کمی سے17.73روپے اورورلڈکال ٹیلی کام کی سرگرمیاں1کروڑ29لاکھ38ہزارشیئرزکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں،جس کے شیئرزکی قیمت1پیسے اضافے سے.88روپے ہوگئی۔جمعرات کوکے ایس ای30انڈیکس100.79پوائنٹس کمی سے 14157.92 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 187.07 پوائنٹس کمی سے47527.27پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس38.96پوائنٹس کمی سے22306.35پوائنٹس پربندہوا ۔