اسٹاک مارکیٹ: سرمایہ کاری مالیت میں83ارب 33کروڑکا اضافہ

180

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بدھ کے روز بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس مزید553.53پوائنٹس کے اضافے سے30972.75پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 71.46فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں83ارب 32کروڑ99لاکھ روپے بڑھ گئے البتہ کاروباری حجم منگل کی نسبت5.62 فی صد کم رہا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںپیر کو شروع ہونے والی تیزی کا اثربدھ کو بھی دیکھا گیاجہاں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔اورسرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کی نچلی سطح پر آئی قیمتوں پر خریداری کی جس کے نتیجے میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس31ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 31103پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص فروخت بڑھنے سے مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 553.53پوائنٹس کے اضافے سے 30972.75 پوائنٹس بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 320.85پوائنٹس اضافے سے14668.48 پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس1149.55پوائنٹس اضافے سے 48844.84پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس299.21پوائنٹس اضافے سے 22572.38 پوائنٹس پربندہوا ۔گزشتہ روزمجموعی طورپر347کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے248کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ ،76 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ23 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں ا83ارب 32کروڑ99لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر62 کھرب38 ارب 25 کروڑ93 لاکھ روپے ہوگئی۔ بدھ کومجموعی طور پر13 کروڑ 45 لاکھ 64 ہزار شیئرز کاکاروبارہواجومنگل کی نسبت 80 لاکھ14ہزار شیئرکم ہے ۔ قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے باٹا پاکستان کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 56.55روپے اضافے سے1189.30روپے اورسیمنس پاک کے حصص کی قیمت 29.21روپے اضافے سے613.53روپے پر بند ہوئی۔