امریکا نے ایرانی آئل ٹینکر کی مدد دہشتگردی کی حمایت قرار دیدی

127

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ایرانی آئل ٹینکر کی مدد کو دہشت گردی کی حمایت کے مترادف قرار دے دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایک ذمے دار نے بتایا ہے کہ ہم نے یونان کو آگاہ کر دیا کہ ایرانی تیل بردار جہاز غیر قانونی طور پر تیل کو شام منتقل کر رہا ہے اور ہم نے ایرانی تیل بردار جہاز کے حوالے سے اپنا مضبوط مخالف موقف یونانی حکومت کو پہنچا دیا۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے زیر انتظام جبل طارق کی حکومت کا فیصلہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ پومپیو کے مطابق ایرانی تیل بردار جہاز پر لدی کھیپ کی فروخت سے تہران کو ایرانی مسلح افواج کی فنڈنگ کا موقع ملے گا جنہوں نے دنیا بھر میں دہشت اور تباہی پھیلانے کے ساتھ امریکیوں کو قتل کیا۔ اُدھر بحرین نے خلیج میں عالمی تیل بردار جہازوں کے تحفظ کے لیے مجوزہ امریکی سیکورٹی مشن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق بحرینی فرماں روا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کینیتھ میکنزی سے ملاقات میں خلیجی ممالک کی سلامتی میں امریکی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے بحرین امریکی کوششوں کا بھرپور ساتھ دے گا۔ مناما اورواشنگٹن دوسرے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر خلیجی خطے میں عالمی جہاز رانی کے تحفظ اور تیل بردار جہازوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔