تحریک انصاف کے 9 ایم پی ایز کی عبوری ضمانت میں27 جون تک توسیع

2276

لاہورکی مقامی عدالت نے تحریکِ انصاف کے 9 ایم پی ایز کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی ہے۔

لاہورکی سیشن عدالت میں 25مئی لانگ مارچ کے دوران لڑائی جھگڑا کرنے اورپولیس پر تشدد کے مقدمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ہے۔

عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی عبوری ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی جبکہ ایڈیشنل سیشن جج صائمہ ریاست نے تحریک انصاف کے نو ایم پی ایز کی ضمانتوں کی توثیق کا فیصلہ سنایا۔

فیکٹری ایریا پولیس نے 25 مئی آزادی مارچ کے دوران ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا تھا۔پی ٹی آئی کے رہنمائوں یاسرگیلانی، مراد راس، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، شیخ امتیازمحمود نے عبوری ضمانتیں دائرکی تھیں۔عدالت نے مسرت جمشید اقبال چیمہ، حماد اظہر، جمشید اقبال چیمہ کی بھی عبوری ضمانتیں کنفرم کر دیں۔ادھرپنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں عدالت نے دونوں ملزمان کو پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمامراد راس، ندیم عباس بارا کی عبوری ضمانتیں کنفرم کیں۔

عدالت نے یاسمین راشد، سبطین خان، میاں اسلم اقبال، مسرت جمشید اور جمشید چیمہ سمیت دیگر کی ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کی۔ایڈیشنل سیشن جج یاسین موہل نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد ،میاں محمود الرشید سمیت دس ایم پی اے عدالت پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ بعض ایم پی ایز تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے۔پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کا مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے درج کررکھا ہے۔