حکمران نعروں سے مزدور مسائل حل نہیں کر سکتے ، شفیع ملک

163

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے بانی وسابق صدر اور پاکستان ورکرز ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر شفیع ملک نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ آئین کے مطابق اپنے حقوق کی جدوجہد کرے اور جدوجہد کا راستہ ہی ان کے مسائل حل کرسکتا ہے۔ محنت کش کو ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے لیکن بدقسمتی سے آج محنت کش طبقہ ہی سب سے زیادہ بدحالی اور تنگی کا شکار ہے۔حکمرانوںنے عوام کو غربت، جہالت، مہنگائی اور پرُفریب نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ 70 سال سے محنت کشوں اور غریبوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ پروفیسر شفیع ملک نے کہا کہ ملک میں کوئی تبدیلی اس وقت تک نہیں آسکتی جب تک غریب محنت کشوں کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ صرف نعروں کے ذریعے غریبوں کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ انہوںنے کہا کہ ملک سے طبقاتی نظام ،مہنگائی اور غربت کے خاتمے کیلیے محنت کشوں کو ایک نئے عزم اور ولولے کے ساتھ منظم کرنا ہو گا۔ٹریڈ یونین جدوجہد کے نتیجے میں ہی محنت کشوں کے مسائل حل ہوں گے۔ طبقاتی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان مزدور طبقے کا ہی ہوا ہے۔حکمرانوںکے نعروں اور دعووں سے ملک میں غربت کا خاتمہ نہیں ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سند ھ کی لیبر اسٹینڈنگ کمیٹی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر بنائی گئی ہے اور اس کو اپنی کمائی کا ذریعہ بنا نا ہے اس کمیٹی میں میرٹ کہیں نظر نہیں آتا ہے، ILOنے مزدوروں کی تین فیڈریشن کو تسلیم کیا ہے ،لیکن سندھ حکومت کی جانب سے منعقد ہو نے والی سہ فریقی اسٹینڈنگ کمیٹی میںوزیر اعلیٰ سندھ نے تینوں فیڈریشنز کے کسی نما ئندے کو شریک نہ کرواکر اس کمیٹی کو متنا زع بنا دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ 18ویں تر میم کے نفاظ کے بعد مزدورں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے،وزیر اعلیٰ سندھ کے آنے کے بعد ہمیں امید تھی کہ سندھ میں مزدوروں کے تحفظ کے لیے کوئی کام ہو گا لیکن انہوں نے بھی سابق وزیر اعلیٰ کی طرح مایوس کیا ہے۔