پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کا سر عام قتل شہر میں بے امنی ظاہر کرتا ہے ،حافظ نعیم

544
کراچی، جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور حافظ نعیم اجتماع کارکنان سے خطاب کررہے ہیں
کراچی، جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور حافظ نعیم اجتماع کارکنان سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے یونیورسٹی روڈ پر سر عام لوٹ مار اور اس دوران این ای ڈی یونیورسٹی کے سینئر استاد پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا ہے اور کہا ہے کہ شہر میں مسلح ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے کے باعث شہریوں میں شدیدعدم تحفظ ،بے چینی واضطراب اور خوف پھیل رہا ہے ۔ پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کا سر عام قتل شہر میں بد امنی ظاہر کرتا ہے ، اس قسم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں حکومت ،محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے کے ذمہ داروں کی نا اہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں ۔پولیس اور رینجرز پر اربوں روپے خرچ کے باوجود سر عام قتل اور ڈکیتیاں سوالیہ نشان ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان وارداتوں کی روک تھام کریں اور شہریوں کے خوف اور بے چینی کو دور کریں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے پروفیسر علی رضا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور سخت سزا دی جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ماضی میں شدید بد امنی اور دہشت گردی کا شکار رہا ہے ۔ چند سال قبل شروع ہونے والے ٹارگیٹڈ آپریشن کے بعد صورتحال میں کافی بہتری پیدا ہوئی تھی اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا تھا مگر بد قسمتی سے کچھ عرصے سے جرائم پیشہ عناصر پھر سر گرم ہو گئے ہیں اور شہر میں چوری ، ڈکیتی ، لوٹ مار اور گاڑیوں کی چھینا جھپٹی کی وارداتیں تواتر کے ساتھ سامنے آرہی ہیں اور ایک بار پھر شہر کو بد امنی میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ہر کچھ دن بعد ڈکیتیوں اور قتل کی وارداتیں ثابت کرتی ہیں کہ امن و امان عارضی اور مصنوعی بنیادوں پر قائم ہے ۔ جرائم پیشہ افراد اپنی جگہ موجود ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں رینجرز اور پولیس کی موجودگی کے باوجود جب چاہیں وارداتیں شروع کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سر عام ڈکیتی اور قتل بدترین جرم ہے ۔ اس سنگین جرم کے لیے اسٹریٹ کرائم کی ہلکی اصطلاح استعمال کرکے امن و امان کے ذمہ دار اپنے آپ کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ حکومت کو چاہیئے کہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرے ، ایسی حکومت جو شہریوں کے جان و مال کا تحفظ نہ کر سکے حکومت کہلانے کے لائق نہیں ۔ جماعت اسلامی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے اور شہریوں کو جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر ہرگز نہیں چھوڑے گی ۔
حافظ نعیم الرحمن