ترکی میں پاکستانی کھجور کی مارکیٹ کا جائزہ لینے کیلیے وفد استنبول روانہ

533

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سے کھجور کی ایکسپورٹ بڑھانے اور نئی مارکیٹیں تلاش کرنے کیلئے پاکستان ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی نے جدوجہد شروع کردی ہے اور کمپنی کی سربراہی میں کھجور ایکسپورٹرز کا ایک وفد ترکی روانہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کھجور کی نئی مارکیٹ میں قابل ذکر شیئرحاصل کرنے کیلئے پاکستان ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کا ایک وفدکھجور ایکسپورٹرزکے ہمرہ بدھ کی صبح ترکی روانہ ہوگیا۔ وفدمیں معروف کھجور ایکسپورٹر اور ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدر شبنم ظفر، ایم انیس حاجی، نند لال، مجیداللہ میمن اور دیگر شامل ہیں۔ کھجور کے ایکسپورٹرز ترکی میں ہونے والے ورلڈپام ڈیٹس ایکسپو 2019 میں بھی شرکت کریں گے جبکہ استنبول میں پاکستانی قونصل جنرل سے ملاقات بھی کریں گے اور ترکی میں امپورٹرز سے ملاقات کی جائیں گی اس کے علاوہ ایکسپورٹرزترکی کے بڑے سپراسٹورز کا بھی جائزہ لیں گے۔ ترکی وفد میں معروف کھجور ایکسپورٹر شبنم ظفر نے بتایا کہ کھجور کی عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلئے پاکستان ہارٹی کلچرڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی نے ایکسپورٹرز کی مدد کیلئے عملی قدم اٹھایا ہے ،ترکی پاکستانی کھجور کی ایک بہترین مارکیٹ ثابت ہوسکتی ہے اور اس پر موثر انداز میں کام کیا جاسکتا ہے۔