ملائیشیا سے ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں اضافہ

136

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گزشتہ مالی سال کے دوران ملائیشیا سے ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ا سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2018ء سے لے کر مئی 2019ء تک ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 1438.58 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 37.27 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 مہینوں میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 1048.02 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ مئی 2019ء میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیو ںنے 175.91 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک میں بھجوایا۔ گزشتہ سال مئی میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 117.66 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ ملائیشیا سے قانونی طریقے سے زمبادلہ ملک بھجوانے کیلئے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11 مہینوں میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 20.19 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک بھجوایا جو مالی سال 2017-18ء کے مقابلہ میں 10.42 فیصد زیادہ ہے۔