پاکستان ہاکی کے عالمی فیڈریشن سے معاملات طے پائے گے

58

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ایف آئی ایچ کے درمیان معاملات طے پائے گئے۔ ایف آئی ایچ کے مطابق پاکستان اگر 19اگست تک پہلی قسط ادا نہیں کرے گا تو اسے ایف آئی ایچ اولمپک کوائلفائرز جو ٹوکیو میں اولمپک گیمز 2020منعقد ہونگے میں شریک نہیں ہوسکے گا۔ گزشتہ روز بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن ہیڈ کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر جو اس نے جرمانے سے بچنے کے لیے دی تھی افہام و تفہیم سے تمام معاملات طے پائے گئے۔ پہلے مرحلے میں جرمانے کی آدھی رقم پاکستان میں ہاکی کے فروغ کے لیے خرچ کی جائے گی جبکہ 3قسطوں میں جرمانے کی رقم عالمی ہاکی فیڈریشن کو دینا ہوگی۔ اگر پاکستان پہلی قسط 19جولائی تک دینے میں ناکام رہا تو آئندہ سال ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس گیمز کے لیے ایف آئی ایچ کوائلفائیر میں حصہ نہیں لے سکے گا اور میگا ایونٹ میں بھی شرکت نہیں کرسکے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کی ترویج اور دوبارہ بحالی کے لیے ایف آئی ایچ ہر طریقے سے ساتھ دے گی۔ اور خیر سگالی کا جذبہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اس وقت ایف آئی ایچ پرو لیگ جو 23جنوری سے شروع ہوا تھا درمیان میں اس سے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس پر ایف آئی ایچ نے تادیبی کارروائی کرتے ہویے سرزنش کے علاوہ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز اس چیپٹر کو بند کردیا گیا ہے۔ امید ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا اس سلسلے میں مثبت ردعمل سامنے آئے گا۔