بھارت کے خلاف نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے،امام الحق

104

ٹائونٹن (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنگ بیٹسمین امام الحق کا کہنا ہے کہ لیگ سائیڈ پر جاتی گیند کو کھیلنا میری کمزوری نہیں، میری اسٹرینتھ ہے، تاہم 2مرتبہ بدقسمتی سے گلوو ز لگنے کی وجہ سے اس گیند پر آئوٹ ہوا ہوں۔ میڈیا سے گفتگو میں امام الحق نے کہا کہ اس طرح کے شاٹس پر میں نے رنز بھی اسکور کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیند گلووز کو چھو کر وکٹ کیپر کے ہاتھ چلی گئی اس میں اس شاٹ کو کمزوری کہنا ٹھیک نہیں۔امام نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف ایک ہی انداز میں آئوٹ ہوا ہوں تاہم دونوں مرتبہ میں نے چوکا لگانے کی کوشش کی تھی۔قومی اوپنر کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ وکٹ پر رکوں اور آخر تک کھڑا رہوں ، امام نے مزید کہا کہ کسی بھی میچ میں ٹاپ 3 پوزیشن کا اسکور کرنا کافی ضروری ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف میچ میں میرے فوری بعد بدقسمتی سے محمد حفیظ بھی آئوٹ ہوگئے اور پھر نئے آنے والے بیٹسمینوں کیلئے مشکلات ہوئیں۔ایک سوال کے جواب میں امام الحق کا کہنا تھا کہ اب بھی کچھ مشکل نہیں، شکست کو بھلا کر بھارت کے خلاف نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔