بھارت پہل کرے گا تواس سے سیریز کھیلیں گے ،احسان مانی

46

لاہور(جسارت نیوز) پی سی بی کے سربراہ احسان مانی کا کہناہے کہ بھارت پہل کرے گا تو ا س سے سیریز کھیلیں گے، بصورت دیگر منتیں نہ کرنے کے پرانے موقف پر قائم ہیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ دونوں بورڈز کو کوئی مسئلہ نہیں، ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں، امید ہے کہ انتخابات کے بعد سیاسی تناو کم ہونے سے کرکٹ روابط بھی بہتر ہوں گے، ایشیا کپ کے میزبانی کے لیے بھارت نے پاکستان کی حمایت کی ہے،ہم اگلے سال ایشیاکپ کے تمام میچ پاکستان میں کراناچاہتا ہیں، اگر بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے میں روڑے اٹکائے تو پھر یواے ای میں اس ایونٹ کی میزبانی کرنیکا بھی آپشن موجود ہے۔ بھارت نے بھی ایشیا کپ کی میزبانی ایواے ای میں ہی کی تھی۔احسان مانی نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد سلیکشن کمیٹی ، کپتان اور کوچنگ اسٹاف کی کارکردگی کا احتساب ہوگا۔ ایونٹ کے دوران وہ کسی کونکالنا چاہتے ہیں اور نہ ہی تبدیلی براے تبدیلی کا قائل ہوں۔ میگا ایونٹ کے ختم ہونے کے بعد جائزہ لیں گے کہ کس کو رکھنا ہے یا تبدیلی کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو پروفیشنل ادارہ بنانے کے لئے ستر فی صد کام مکمل کرلیا ہے۔ کوالٹی ورک پر یقین رکھتا ہوں۔ گزشتہ چار سال میں دو سو دس بورڈ میں نئی بھرتیاں کئی گئیں جو حیران کن ہے، تمام اختیارات اپنے پاس رکھنے کے حق میں کبھی نہیں رہا۔ بورڈ میں یہ نہیں کروں گا کہ کسی کو ایک انگلی کے اشارے سے نکال دوں۔ سب کو اپنا کام نیک نیتی اور ایمان داری سے کرنا ہوگا۔ ایسا سسٹم لارہے ہیں کہ حکومت تبدیل ہونے سے بورڈ کی پالیسیاں متاثر نہ ہو۔ ہر بندہ اپنا کام کرتا رہے۔