جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کا آغاز، 16 جو ن کو لاہور میں عوامی مارچ ہوگا

42

 

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 16 جون سے مہنگائی ،بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف تحریک چلائے گی۔ آئی ایم ایف کے مسلط کردہ ایجنڈے پر کاربند حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھورہی ہے۔حکومت بغیر کسی مزاحمت کے آئی ایم ایف کے سامنے سرنگوں ہوچکی ہے۔حکمرانوں کی نااہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو دیکھا اور پرکھا ہے ۔کوئی جماعت ملک و قوم کے مسائل حل نہیں کرسکی۔پی ٹی آئی کی 10ماہ کی
مایوس کن کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ اس سے کسی بہتری کی امید لگانا اور کسی خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،نائب امرا لیاقت بلوچ،میاں محمد اسلم،راشد نسیم،اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹرفریداحمد پراچہ،عبدالغفار عزیز،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور ڈپٹی سیکرٹریز بھی موجود تھے۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کرپشن اور قرضوں کے حسابات اپنے ارد گرد بیٹھے ان مشیروں سے لیں جو ماضی کے حکمرانوں کے ساتھ قرضے لینے میں پیش پیش رہے ہیں۔ حالیہ گرفتاریاں مکافات عمل ہے ۔ جو لوگ ان گرفتاریوں کا کریڈٹ لے رہے ہیں جب کرپشن کے واقعات ہورہے تھے ،تو یہ خود اس کرپٹ ٹولے کے ساتھ ہوا کرتے تھے ۔ انہوںنے کہاکہ قومی بجٹ میں عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے بجائے اسے آئی ایم ایف کی فرمائشیں پوری کرنے کا ذریعہ بنایا گیا ہے اور ایک دفعہ پھر عوامی توقعات سے یوٹرن لے کر آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بجٹ کو مسترد کردیا ہے ۔اس بجٹ میں مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہیں دیا گیابلکہ اس بجٹ سے مہنگائی اور بے روزگاری مزید بڑھے گی،کاروبار ٹھپ ہوں گے، زراعت اور صنعت کی حالت مزید پتلی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کیے تھے ان کو پورا کرنے کی طرف بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی 16 جون کو عوام کی ترجمانی کے لیے لاہور کے مال رو ڈ پر بڑا عوامی مظاہرہ کرے گی ۔
سراج الحق