مثبت ذہنی و جسمانی سرگرمیاں مومنانہ شخصیت کا خاصا ہیں، دردانہ صدیقی

52

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ مثبت ذہنی اور جسمانی سرگرمیاں اپنائے رکھنا ایک مومن کی شخصیت کا حصہ ہونا چاہیے، صحت مند جسم اور مضبوط ذہن کے ساتھ دین کا کام پسندیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین میڈیا سیل کے تحت فارم ہاؤس میں منعقدہ عید ملن میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دردانہ صدیقی نے میڈیا سیل کے ذمے داران اور کارکنان کی رمضان میں دعوتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس تفریحی سرگرمی کے ساتھ ہی تمام کارکنان پرْدم ہو کر میدان عمل میں اتریں گی۔ نگران میڈیا سیل عالیہ منصور کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں میڈیا سیل کے کارکنان کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے غیر روایتی عید ملن کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس موقع پرممبران میڈیا سیل کے لیے نظم کے ساتھ ہلکی پھلکی گفتگو اور مختلف کھیلوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ عید ملن میں میڈیا سیل کے تمام مرکزی ذمے داران اور ممبران نے اپنی بچیوں اور چھوٹے بچوں کے ساتھ شرکت کی۔