گورنرہائوس میںاجلاس‘گڈزٹرانسپورٹرز کی مشکلات پرغور

81

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی مختلف ایسوسی ایشنز کا گورنر ہائوس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس مال بردار گاڑیوں کی ایکسل لوڈ کی حد مقرر کرنے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کے تحفظات سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے بلایا گیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی، ڈی جی نیشنل ہائی وے اتھارٹی رضوان اشرف، آئی جی موٹر وے پولیس اے ڈی خواجہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں 10 اور 22 وہیلرز کی ایکسل لوڈ کی حد مقرر پر مختلف نمائندہ تنظیموں کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے۔ اجلاس میں جاری صورتحال ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، نقل و حمل کے لیے ہر ممکن سہولیات،گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام نمائندہ تنظیموں کے ممبران پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، مذکورہ کمیٹی سات دن کے اندر تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کا جائزہ اور اس کا حل پیش کرے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ معاشی خوشحالی کا ناگزیر پہیہ ہے جس کے چلنے سے معاشی خوشحالی اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو تا ہے ،حکومت گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل کے لیے موئثر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔