لاہور:وکلا اور پولیس میں شدید تصادم، جھڑپیں، پاکستان بار کونسل کا کل ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

478

لاہور: وکلا اور پولیس کے درمیان شدید تصادم کے دوران درجنوں وکلا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ جھڑپوں میں پولیس اہل کار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدالتوں کی  منتقلی اور وکلا کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کے خلاف صوبائی دارالحکومت کے جی پی او چوک پر  وکلا نے احتجاج کیا، جسے روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی تھی۔ اس دوران احتجاج کرتے ہوئے وکلا نے پولیس کی رکاوٹیں عبور کرکے ہائی کورٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے وکلا پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کے علاوہ واٹر کینن کا بھی استعمال کیا۔

پاکستان بار کونسل نے واقعے کے خلاف کل ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

پولیس اور وکلا کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران کئی وکلا کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس نے 50 سے زیادہ وکلا کو حراست میں لیا ہے۔  اسی دوران ایک ایس پی، دو ایس ایچ اوز اور نو پولیس اہل کار جھڑپوں میں زخمی بھی ہوئے۔

وکلا اور پولیس کے درمیان شدید تصادم کے دوران مال روڈ اور ارد گرد کے علاقوں میں ماحول کشیدہ ہوگیا جب کہ مرکزی شاہراہوں ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ اسی دوران جی پی او چوک پر میٹرو بس اسٹیشن کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت بند کردیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان بار کونسل نے احتجاج کرنے والے وکلا پر پولیس کے تشدد کے خلاف کل ملک بھر میں ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

وکیل رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاجی وکلا کو تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاج ہوگا اور مظاہرے کیے جائیں گے۔ اس دوران کوئی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوگا۔

وکیل رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ انصاف کی فراہمی اور عدلیہ کی آزادی یقینی بنائی جائے۔ عدالتوں کی منتقلی کے نوٹسز اور دہشت گردی کے مقدمات ختم کیے جائیں۔