اسپیکر اسد قیصر کا محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار

74

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیرستان سے منتخب ارکان محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق میگا کرپشن اسکینڈل میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے معاملے کے لیے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پرویز اشرف اور خورشید شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر سے رابطہ کیا۔پیپلزپارٹی کے وفد نے آصف زرداری کے ساتھ محسن داوڑاورعلی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے اصرار کیا کہ پروڈکشن آرڈر فوری جاری کیے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر سے معذرت کرلی ہے۔خیال رہے کہ 26 مئی 2019 کو شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خڑکمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس کے بارے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ چیک پوسٹ پر ایک گروہ نے محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے۔