پنجاب ،ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کا فیصلہ معیار پر سمجھوتا نہیں ہوگا،عثمان بزدار

52

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ پنجاب میںترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورفنڈزکے درست استعمال کویقینی بنانے کے لیے کڑی مانیٹرنگ کی جا ئے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی ذمے داری سونپ دی ہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈیر ہ غازی خان ڈیولپمنٹ پیکیج کی نگرانی کے لیے موثر میکانزم تشکیل دے دیاگیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کے میکانزم پر من وعن عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم ،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائیں اورترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کا عمل ہر سطح پر جاری رکھا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈیرہ غازی خان ڈیولپمنٹ پیکیج پر ہونے والی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے،صوبے بھر میں فلاح عامہ کے پروجیکٹس کے اعلیٰ معیارکو یقینی بنایا جائے اورترقیاتی منصوبوںمیں تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اعلیٰ معیارسے ہی عوام کے پیسے کا درست استعمال یقینی بنایا جاسکتا ہے ، صوبے کے عوام کے وسائل کا امین ہوں ،کسی کو وسائل ضائع نہیں کرنے دوں گا۔انہوںنے کہاکہ منصوبوں پر فنڈز کے درست اورشفاف استعمال کویقینی بنانے کے میکانزم کی نگرانی خود کروںگا اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکمے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے عمل کی بھی سخت نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینکوں میں فرد ملکیت کے اجراء کے لیے علیحدہ کاؤنٹرزقائم کیے جائیںگے اوراس اقدام سے فرد ملکیت کے حصول میں مزید آسانی ملے گی۔پنجاب حکومت نے آن لائن فرد ملکیت کے اجراء کا بھی فیصلہ کیااور یکم جولائی سے گھر بیٹھے آن لائن فردملکیت کے حصول کا سسٹم فعال ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے ہر لینڈ ریکارڈ سینٹرزمیں ریونیو واجبات جمع کرانے کا انتظام کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سینٹرزکے دائرہ کار کو بڑھانے کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے اورسرکاری عمارتوں میں مستقبل بنیادوں پر لینڈ ریکارڈ سینٹرز قائم کیے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ ریونیو امور سے متعلقہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے ،عوام کی سہولت کے کسی بھی پروجیکٹ میں تاخیرتکلیف دہ امر ہے اور میںاپنے عوام کو تکلیف اورمسائل کا شکار دیکھ کر خوش نہیں رہ سکتا۔انہوںنے کہا کہ لینڈ یوٹیلائزیشن پالیسی کی جلد منظوری لے کر اس کا نفاذ یقینی بنایا جائے اورڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سٹیلمنٹ کا عمل جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ سرکاری اراضی کو لیز پر دے کر کاشتکاری کے فروغ کا شفاف نظام لایا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ ریونیو اسٹاف سے متعلق بدعنوانی کی شکایات قعطاً قابل برداشت نہیں ۔محکمہ مال سے متعلق امور میںکرپشن کے خاتمے کے لیے ہیلپ لائن /کال سینٹر کو مزیدفعال کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے اقدامات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچے کسی بھی ملک کامستقبل اور قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں اور بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت پرتوجہ دینا معاشرے کے ہر فردکافرض ہے ، تسلسل کیساتھ ٹیم ورک کے طورپر کام کرکے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ممکن ہے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومت کیساتھ معاشرے کو بھی اپنی ذمے داریوں کا احساس کرنا چاہیے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موٹروے پر حافظ آباد کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے علاقے وندرمیں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونیوالے مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیساتھ ہیں۔