تحریک انصاف اور نیب کا گٹھ جوڑ ثابت ہوگیا، عظمیٰ بخاری

79

لاہور (نمائندہ جسارت) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری پر مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور نیب کا گٹھ جوڑ بھی 100 فیصد درست ثابت ہوگیا ہے، واضح ہوگیا حکومت نیب کے پیچھے ہے، بجٹ سے قبل آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری انصاف کے تقاضوں پر بھی سوالیہ نشان ہے، پاکستان پر ایک ذہنی مریض وزیراعظم مسلط کردیا گیا ہے۔ 2 دنوں میں اچانک ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی گرفتاریاں انتقام کی علامت ہے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اشاروں پر ناچنے والی حکومت نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی ماری ہے۔ ن لیگ کا کارکن اب مزید انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں کر سکتا۔ اگر ہم اب بھی باہر نہ نکلے تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ اب صرف دما دم مست قلندر ہوگا، ہمارے پاس اب اور کوئی راستہ نہیں بچا۔ ذہنی مریض وزیراعظم ملکی حالات بہتر کرنے کے بجائے مخالفین کے پیچھے پڑے ہیں۔ عام آدمی کیلیے جو حالات پیدا کردیے گئے ہیں ان سے ذہنی مریض کے لیڈر ہونے کا اندازہ آسانی سے لگایا جا سکتا ہے۔