حمزہ ! سربلند ہو کر رہنا، کٹھ پتلی تماشا ختم ہونے کو ہے، مریم نواز

73

لاہور (نمائندہ جسارت) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نالائق اعظم اور اس کی جعلی حکومت جو مرضی کرلے، مسلم لیگ(ن) بہر صورت عوام کی آواز بنے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ حمزہ ! سربلند ہو کر رہنا، کٹھ پتلی تماشا ختم ہونے کو ہے، کٹھ پتلی وزیراعظم کے اشاروں پر ناچنے والا نیب ظلم و ناانصافی کی ساری حدیں پار کر چکا ہے، ایسا کرنے والے نہ پہلے تاریخ کے قہر سے بچے ہیں نہ اب بچیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہجیلیں نہ حمزہ شہباز کے لیے نئی ہیں اور نہ ہی مسلم لیگ(ن) کے لیے، ہم نے ڈکٹیٹر کے مظالم کا مقابلہ کیا ہوا ہے، یہ ٹوٹی پھوٹی، جعلی اور آخری سانسیں لیتی حکومت تو ہے ہی ریت کی دیوار۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی سروے اور بجٹ جیسی تاریخی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلیے کی جانے والی گرفتاریاں تمہیں عوام کے غیظ و غضب سے نہیں بچا سکتیں، گرتی ہوئی دیواروں کو گرفتاریوں سے نہیں بچایا جا سکتا۔