عارف علوی کاشہید جوانوں کے لواحقین سے رابطہ‘تعزیت کا اظہار

38

اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خارکمر میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید فوجی افسران و اہلکار کے لواحقین سے رابطہ کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے 7 جون کو شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کی اہلیہ اور بھائی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، میجر معیز مقصود شہید کی اہلیہ اور کیپٹن عارف اﷲ خان شہید کے والد شاہ دراز سے بھی گفتگو کی اور ان سے تعزیت کی۔ شاہ دراز نے صدر مملکت کو بتایا کہ شہید افسر کے بچے بھی قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے لانس حوالدار ظہیر عباس شہید کے والد سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں عارف علوی نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو روسی فیڈریشن کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے روسی ہم منصب کے نام تہنیتی خط میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان قریبی تعاون اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی احترام اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو قریبی دوست سمجھتا ہے اور اس کے ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے میں تمام شعبوں میں مضبوط، بامقصد اور کثیر الجہتی تزویراتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے روسی فیڈریشن کے صدر اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔