قانون کی بالادستی اور بدعنوانی کے خاتمے پر یقین رکھتے ہیں، علی نواز اعوان

29

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قانون کی بالادستی اور بدعنوانی کے خاتمے پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک سے اس ناسور کے خاتمے کے لیے بدعنوان عناصر کا بلاتفریق احتساب ناگزیر ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت قومی معیشت اور اداروں کے استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے رہنما احتساب سے راہ فرار کی کوششیں کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم وہ اپنی ان کوششوں میں کامیاب نہیں ہونگے۔