بیلٹ اینڈ روڈ پروگرام کے منصوبوں پر 28 ارب 50 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی

38

اسلام آباد(اے پی پی)بیلٹ اینڈ روڈ پروگرام کے تحت پاکستان اور چین نے 22 منصوبوں کا اجراء کیا ہے جن پر 28 ارب 50 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ اقتصادی سروے 2018-19ء کے مطابق بڑی تعداد میں چینی اور پاکستانی افرادی قوت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے، ایم ایل ون، ایسٹ بے ایکسپریس وے اور گوادر میں ائر پورٹ کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پاکستان اور چین سرحد کے دونوں اطراف میں خنجراب سے راولپنڈی تک فائبر آپٹک پروجیکٹ پر بھی عمل کر رہے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا پورٹ فولیو 38 جاری منصوبوں پر مشتمل ہے جن کے لیے پی ایس ڈی پی 2018-19ء میں مختص رقم ایک کھرب 76 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زاید ہے۔ پی ایس ڈی پی 2018-19ء میں 8 ارب 56 کروڑ روپے مالیت کی 8 نئی اسکیمیں بھی دی گئیں۔ایسٹرن الائنمنٹ کے مختصر المدتی منصوبے کے تحت این ایچ اے 3005 کلو میٹر طویل سڑکوں کی تکمیل سی پیک کے تحت کر رہا ہے جبکہ ویسٹرن الائنمنٹ کے تحت 6 منصوبوں کے ذریعے 1799 کلو میٹر طویل سڑکیں مکمل کی جائیں گی۔ دسمبر 2019ء تک موٹر ویز کی کل لمبائی 2362 کلو میٹر سے بڑھ جائے گی۔