چارسدہ ،ایف سی سپرنٹنڈنٹ کو 2 بھائیوں سمیت گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا

111

چارسدہ(آن لائن+آئی این پی )چارسدہ میں ایف سی سپرنٹنڈنٹ کو2بھائیوںسمیت گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق چاسدہ کے تھانہ عمر زئی کی حدود میں واقع علاقے علی جان کلے میں نامعلوم افراد نے گھر سے متصل حجرے میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تنگی منتقل کیا گیاجب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق مقتولین بھائی تھے اور ان کی شناخت شبیر، سجاد اور کاشف کے نام سے ہوئی ہے۔شبیر ایف سی سپرنٹنڈنٹ، سجاد پولیس اہلکار اور کاشف کاروبار کرتا تھا۔ ابتدائی تفتیش کی روشنی میں واقعہ جائداد کے تنازع کا شاخسانہ لگتا ہے۔ تہرے قتل کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پولیس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جب کہ مختلفجگہوں پر چھاپے مار جا ر ہے ہیں ۔علاوہ ازیں تینوں بھائیوں کے قتل کے خلاف ورثا نے لاشیں عمر زئی چوک پر رکھ کر احتجاج کیا اور بااثر ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔لواحقین نے الزام عاید کیا کہ ملزمان انتہائی بااثر ہیں جبکہ ان کے قریبی رشتے دار پولیس اور دیگر سرکاری اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں جبکہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے بجائے ان کی پشت پناہی کر رہی ہے جبکہ ملزمان کی رہائشگاہوں پر بھی سیکورٹی لگا دی گئی ہے۔ مقتولین کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ تینوں بھائیوں کو ملزمان نے گزشتہ رات جائداد کی لین دین کے لیے حجرے میں بلایا تھا جبکہ ملزمان نے مقتولین کی جائداد پر قبضہ کرنے کی غرض سے تینوں بھائیوں کو بے دردی سے قتل کیا۔