جبر کا دور ختم ہونے والا ہے ،خلافت انتظار کررہی ہے،راشد نسیم

99
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیمِ، عبدالجمیل خان ودیگر ضلع کورنگی میں شب بیداری سے خطاب کر رہے ہیں
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیمِ، عبدالجمیل خان ودیگر ضلع کورنگی میں شب بیداری سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی/لاہور(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ جبر اور سختی کا دور جلد ختم ہونے والا ہے ، خلافت انتظار کر رہی ہے، اللہ کی راہ پر چلنے والو کے لیے اللہ دوڑ کر آتا ہے ،اللہ سے تعلق مضبوط ہوگا تو حکومت بھی مل جائے گی ،اللہ تقویٰ والوں کا ساتھ دیتا ہے ، بندے میں اللہ کی روح سمائی ہوئی ہوتی ہے،مستقبل میں خلافت راشدہ کا منہاج النبوی قائم ہونے والا ہے ،اللہ کی خلافت قائم کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اسی کام کے لیے اللہ نے ہمیں پیدا کیا ہے ،اللہ ان سے کام لیتا ہے جو اللہ سے گہرا تعلق قائم رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت مسجد قریشاں لانڈھی چراغ ہوٹل میں شب بیداری اور تربیتی اجتماع سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان ، جمعیت اتحاد العلما کراچی کے نائب صدر شیخ القرآن و الحدیث مفتی ضیا الرحمن فاروقی ،امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرک عبدالجمیل خان ،سیکرٹری ضلع اجمل وحید خان نے بھی خطاب کیا ۔راشد نسیم نے کہا کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے لیکن جدید دنیا نے انسان کو جانور بنا دیا ہے ۔امریکا میں آج سب سے زیادہ خودکشیاں ہو رہی ہیں ۔لوگ آرام کے لیے نیند کی گولیاں کھاتے ہیں ۔ان کا سکون اور چین ختم ہوچکا ہے۔دنیا کو سکون اور چین اسلام کے نظام سے ہی حاصل ہوگا ۔ بندہ رب کا وفا دار بن جاتا ہے تو اللہ اس کا ہو جاتاہے ۔اللہ نے ہمیں حاکمیت الٰہیہ کے قیام کے لیے پیدا کیا ہے ۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ ہمارے پاس زاد راہ تقویٰ ہے ۔ہمیں اپنی روحانیت میں اضافہ کرنا ہے اور قرآن سے تعلق کو مضبوط بنانا ہے ۔مفتی ضیاالرحمن فاروقی نے کہا کہ اچھے دوست دنیا وآخرت دونوں جگہ کام آتے ہیں۔تقویٰ کی دوستی کبھی ختم نہیں ہوتی ،اخلاص کی دوستی کی بڑی اہمیت ہے ۔فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ ہمارے پاس دعوت حق ہے اور داعی کے لیے ضروری ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں کو فتح کرے ۔ اجمل وحید خان نے کہا کہ رمضان کی ساعتوں اور برکتوں کو سمیٹا جائے اور قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے۔ قبل ازیں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے گودھرا کالونی میں عوامی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانان برصغیر کو رمضان المبارک کی 27ویں رات کو پاکستان عطاکیا ،یہ اللہ کی طر ف سے اشارہ تھا کہ اس ملک کو قرآن کے نظام کے مطابق چلانا ہے ۔پاکستان میں قرآن کے نظام کو نافذ نہ کرکے اللہ سے باندھے گئے عہد سے روگردانی کرنے کی سزا یہ ہوئی کہ پاکستان دولخت ہوگیا اور جو باقی بچا اس میں بھی چیخ و پکار مچی ہوئی ہے ۔ مسائل اور مصائب نے چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے اور ہر طرف سے مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری کے مارے عوام کی بلند ہوتی چیخیں سنائی دیتی ہیں ۔