ڈاکٹر عافیہ کی والدہ کی رہائش گاہ پرتراویح میں ختم قرآن

109

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی کراچی میں واقع رہائش گاہ پرنماز تراویح میں ختم قرآن ، خصوصی بیان اور اجتماعی دعا کی تقریب گزشتہ شب منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے حافظ احمدنے 20 روزہ نماز تراویح میں قرآن مجید مکمل کرلیا۔ ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے حافظ احمد نے اپنے استاد مولانا ثناء اللہ فاروقی کی زیرنگرانی و رہنمائی میں نماز تراویح کی امامت کے فرائض سرانجام دئیے۔ختم قرآن مجیدکے بعد مولانا اورنگزیب نے فضائل قرآن پر درس دیا اور معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد زبیر نے ڈاکٹر عافیہ سمیت کفار کی قید میں مسلمان خواتین و مرد قیدیوں،دنیا بھر کے بے گناہ قیدیوں، بیرون ممالک کی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی جلد رہائی، پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی و استحکام کیلیے خصوصی اجتماعی دعاکرائی ۔عافیہ موومنٹ انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے احمد نے گذشتہ برس قرآن مجید حفظ کیا تھا جبکہ امریکی جیل میں قید ان کی والدہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی ماہر تعلیم ہونے کے ساتھ حافظہ قرآن اور عالمہ بھی ہیں۔