حیدرآباد ، گول مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے حوالے سے رپورٹ طلب

57

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ 12 حیدر آباد آصف جتوئی کی عدالت نے گول بلڈنگ کے اطراف کھوکھر محلہ محلے کی تمام گلیوں میں سڑکوں پر قائم موٹر سائیکل مارکیٹ، ورکشاپس، تجاوزات سے متعلق درخواست پر ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی، میونسپل کمشنر سمیت تمام فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 12 حیدر آباد آصف جتوئی کی عدالت نے کھوکھر محلے کے رہائشی حشام شیخ کی جانب سے گول بلڈنگ کے اطراف کھوکھر محلے کی تمام گلیوں، لجپت روڈ سے حیدر چوک تک تمام علاقے میں قائم غیرقانونی ورکشاپس اور تجاوزات ختم کرنے سے متعلق دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی حیدر آباد، میونسپل کمشنر، ایس پی ٹریفک پولیس، انچارج اینٹی انکروچمنٹ سیل، ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ فورس، ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈیمولیش سیل، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے 3 جون تک رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کھوکھر محلہ سٹی حیدر آباد کا رہائشی علاقہ ہے جس کے ہزاروں مکین متعلقہ اداروں کی نااہلی اور عدم توجہ کے باعث انتہائی اذیت ناک اور عذاب شکن زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ پورے علاقے میں بدترین ٹریفک جام روز کا معمول، تجاوزات کی بھرمار اور سڑک پر پیدل چلنے والوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں علاقے میں ایمبولینس تک داخل نہیں ہوسکتی ہے، یہاں تک اگر علاقے میں اگر کوئی میت بھی ہوجاتی ہے تو نماز جنازہ اور تدفین میں بھی علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مذکورہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے عدالت عظمیٰ کے تشکیل کردہ فراہمی ونکاسی آب کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ڈویژنل کمشنر حیدر آباد کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا، مگر ان احکامات پر عملدر آمد نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ گول بلڈنگ کے اطراف کھوکھر محلے کی تمام چھوٹی بڑی گلیوں میں لجپت روڈ سے شیر سنگ روڈ حیدر چوک تک سڑکوں پر قائم موٹر سائیکلوں کی خرید و فروخت کی مارکیٹ، موٹر سائیکل اور کاروں و دیگر بڑی گاڑیوں کے سڑکوں پر قائم ورکشاپس، گلیوں میں قائم ٹھیلے، پتھارے، آہنی کیبن نما دکانیں ختم کرنے، دکانوں کی نالیوں پر اور حدود سے باہر قائم تھلے، پختہ تجاوزات مسمار کرنے اور کھوکھر محلے سے متصل رسالہ روڈ پر گورنمنٹ ہائی اسکول کی چار دیواری کے ساتھ سوزوکی اور مزدا گاڑیوں کے غیر قانونی اڈے مستقل بنیادوں پر ختم کرانے کے احکامات صادر فرمائیں، تاکہ علاقہ مکین اور گزرنے والے شہریوں، ٹریفک کے مسائل حل ہوسکیں۔