یونین کونسل چیئرمین کیخلاف کارروائی اورصحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے

77

بدین (نمائندہ جسارت) یونین کونسل کے چیئرمین کی جانب سے کڈھن پریس کلب کے صحافیوں کو دھمکیاں دینے کیخلاف بدین کے صحافیوں کا احتجاج اور نعرے بازی۔ بدین سے پیپلز پارٹی کی نشست پر منتخب رکن سندھ اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح کے بھائی اور یونین کونسل بہڈمی کے چیئرمین صدیق ملاح کی جانب سے پلاٹ پر مبینہ قبضہ کرنے اور ان کی کوریج کے لیے آنے کڈھن پریس کلب کے صحافیوں کو دھمکیاں دینے کیخلاف حیدر آباد یونین آف جرنلسٹ (یونٹ بدین) کی جانب سے بدین ضلع کے صدر عمران عباس اور حاجی خالد محمود گھمن، بدین پریس کلب کے صدر تنویر احمد آرائیں، شوکت میمن، مصطفی جمالی، انیس میمن، ہارون گوپانگ، مرتضیٰ میمن، اشفاق میمن، نور حسن سولنگی، سلیم کمبہار، اللہ بچایو پارس، عبداللہ چانڈیو، محمد علی بلیدی و دیگر یونین کونسل کے چیئرمین کیخلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایچ یو جے ضلع بدین کے صدر عمران عباس و دیگر نے کہا کہ بااثر یونین کونسل کے چیئرمین صدیق ملاح حق سچ لکھنے والے صحافیوں کو دھمکیاں دے کر حراساں کرنے کی کوشش کررہا ہے اور صحافیوں کیخلاف مختلف حربے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کڈھن تھانے پر رپورٹ درج کروائی لیکن پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا، جس کے باعث پریس کلب کے صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونین کونسل کے چیئرمین صدیق ملاح کیخلاف قانونی کارروائی کرکے صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔