عمران جیسا جھوٹا نہیں دیکھا ،ایمنسٹی کے مخالف تھے،اب خود متعارف کرادی،شہباز شریف

143

لندن (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے اس طرح کی ڈکٹیشن کبھی کسی نے نہیں لی اور پاکستان آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا ہے‘ یہ ہے عمران خان کا نیا پاکستان‘ عمران خان کام کو نہ سمجھتے ہیں اور نہ جانتے ہیں‘ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان سے زیادہ جھوٹا وزیر اعظم میں نے نہیں دیکھا‘ پہلے ایمنسٹی اسکیم کے خلاف تھے اب خود متعارف کرادی جس ڈھٹائی سے عمران خان جھوٹ بولتے ہیں‘ اس طرح کوئی بھی نہیں بولتا۔ اپنے ایک انٹرویو میں شہبازشریف نے پاکستان واپسی میں تاخیر سے متعلق تمام خبروں کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ چند طبی رپورٹس آنا باقی ہیں‘ توقع ہے کہ بجٹ سیشن سے قبل پاکستان پہنچ جاؤں گا۔ انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سب جانتے تھے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کند ذہن ہیں‘ دیار غیر میں جاکر پاکستان کے متعلق ایسا پروپیگنڈا کیا کہ پورے معاشی ماحول کو تباہ کردیا‘ پہلے ایمنسٹی کے خلاف تھے اب خود متعارف کرادی، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا دعویٰ کرنے والوں نے آج ان ہی کے بندوں کو اہم پوزیشنز پر تعینات کردیا‘ آئی ایم ایف سے اس طرح کی ڈکٹیشن کبھی کسی نے نہیں لی۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ معیشت بدترین حالات کا شکار ہے‘ اوورسیز تو کیا مقامی سرمایہ کار بھی پیسہ لگانے کو تیار نہیں‘ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم کرکے 500 ارب روپے کا قرضہ ملک پر چڑھا دیا گیا‘ ڈالر مہنگا ہونے سے پاکستان کی معیشت کا قتل عام کیا گیا ہے۔