ملک پر آئی ایم ایف نے ٹیک اوور کرلیا‘لیاقت بلوچ

69

لاہور ( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران حکومت نے اپنی کارکردگی سے ملک کو بحرانوں اور مشکلات سے دوچار اور عوام کی امیدوں اور توقعات کا بے دردی سے خون کردیا ہے ۔ آئی ایم ایف معاہدے کے تحت بجلی، گیس، تیل، ٹیکسوں کی قیمتیں اور شرح بڑھتی ہی جائے گی ۔ وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور آئی ایم ایف نے ٹیک اوور کر لیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کالادھن سفید کرنے کے لیے لائی گئی۔ عمران خان اپنے ماضی کے موقف کو یاد کریں تو یہ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے۔ حکومت کی سمت درست نہیں اور نہ ہی حکومتی ٹیم اہل ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے فوجی آمروں، نوازشریف، بے نظیر اور زرداری ادوار میں بھی تباہی لائے، اب عمران حکومت کا معاہدہ پہلے معاہدوں سے بھی بدتر ہے اس لیے اب گھڑی چھڑی امریکا، یورپ اور عالمی مالیاتی اداروں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف بھر پور ملک گیر جدوجہد کرے گی۔ عوام کو بے سہارا نہیں چھوڑا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ غازی محمد بن قاسمؒ کی سندھ آمد سے اسلام کی دعوت کا راستہ کھلتا چلا گیا۔ انہوں نے اپنے عمل اور مظلوموں کی مدد کر کے عوام کے دل جیتے۔ وہ حقیقی معنوں میں فاتح سندھ اور اسلام کی عظمت کے امین تھے۔ برصغیر میں مسلمانوں کی الگ آزاد باوقار ریاست کی پہلی اینٹ رکھ دی تھی۔ یوم باب الاسلام تجدید عہد کا یوم ہے کہ اسلام کی سربلندی، حق کی بقا، ظالمانہ نظام کے خاتمے اور غلبہ دین کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔