انگلینڈ کو شکست دیکر سیریز میں کم بیک کرینگے،فخر زمان ،میچ کو آسان نہیں لیں گے،مورگن

37

برسٹل (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے خلاف تیسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ سیریز میں جاندار کم بیک کرینگے۔ فخر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں سنچری پر خوش ضرور ہوں تاہم انہوں نے کہا کہ یہ خوش مزید بڑھ جاتی اگر میچ بھی جیت جاتے۔ بیان میں فخر زمان نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مکمل طور پر فٹ اور متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ انگلینڈ کو تیسرے میچ میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ میچوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کم بیک کیلئے پوری ٹیم کو100 فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ایوان مورگن نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں کامیابی کے باوجود ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو دوسرے میچ میں شکست دینے کے باوجود تیسرے میچ میں آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کرینگے بلکہ تیسرے میچ میں کامیابی کے لئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ مورگن نے کہا کہ دوسرے میچ میں فخر زمان نے غیرمعمولی بیٹنگ سے حیران کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دوسرے میچ میں کامیابی کے باوجود ابھی بعض جگہوں پر مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم میچ میں کامیابی پر بہت خوش ہے تاہم انہوں نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ سیریز میں کامیابی کے لئے پوری ٹیم کو تینوں شعبوں میں سرتوڑ کوشش کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 12 رنز سے شکست دی تھی، پاکستانی ٹیم 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 361 رنز بنا سکی تھی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ آج برسٹل گرائونڈ میں 5 بجے شام کھیلا جائے گا۔