منافع خوروں نے مہنگائی کر کے عوام سے جینے کی امنگ چھین لی

32

شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور میں رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور رمضان آرڈنیس پر عملدرآمد نہ ہونے والے عمل کیخلاف جمعیت علما اسلام ضلع شکارپور کے امیر مولانا عبداللہ پہوڑ، جنرل سیکرٹری مولانا عبداللہ مہر، مولانا عبدالباری شیخ، قاری مجیب الرحمن مدنی، مولانا تاج محمد مہر، حافظ رفیق احمد شر، پیر سید رشد اللہ شاہ، مولانا طیب میکھو، مولانا شمس الدین بروہی، حاجی عبدالفتاح مہر، اللہ ڈنو سومرو نے اپنے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے جان بوجھ کر مہنگائی کر کے عوام سے جینے کی امنگ بھی چھین لی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، مہنگائی میں ایک سو نہیں دو سو فیصد اضافہ کر کے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ رمضان آرڈنیس پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی جانیوالی کمیٹیاں منافع خوروں کیساتھ ملکر عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں، مہنگائی کیخلاف عوام کی چیخیں موجودہ ظالم حکمرانوں کے کانوں تک نہیں پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں مہنگائی کو کنڑول کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر اقدام کیے جائیں۔