عدلیہ سے انتہائی اہم فیصلے آنے والے ہیں، محمد میاں سومرو

44

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ہوابازی و نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں عدالتی فیصلے انتہائی اہم ہیں ۔ جمعرات کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران اس سوال کے جواب میں کہ کیا سندھ میں سیاسی تبدیلی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تو یہی دعا ہے ، ویسے عدالتی فیصلے بہت اہم ہیں ۔ حیدرآباد میں وفاقی یونیورسٹی کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی زمین دیے جانے کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے ۔ بہتر ہے کہ یونیورسٹی کے لیے زمین سندھ ریونیو بورڈ دے ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ یونیورسٹی کے لیے زمین سول ایو ی ایشن اتھارٹی کیوں دے ۔ اس سے ہوابازی کے لیے مستقبل میں ضرورت پڑنے پر مسائل پیدا ہوں گے۔ جمعرات کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں پریس بریفنگ کے دوران پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومت کی نجکاری کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے تاہم اس سلسلے میں حکمت عملی ضرور تبدیل کی گئی ہے ۔ موجودہ صورتحال میں ایسے تمام اداروں کی نجکاری سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے ان اداروں کو بحال کیا جائے اور پھر اس کے بعد ان کی نجکاری کے بارے میں دیکھا جائے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری ادارے بہتر کرکے فروخت کرنا زیادہ نفع بخش ہے۔یہ ویلیو ایڈیشن ہے ۔وفاقی وزیر نے اس امر سے انکار کیا کہ نجکاری کے لیے آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ ہے ۔ ائرپورٹوں کی نجکاری کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کراچی ، لاہور اور اسلام آباد کے ائرپورٹوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے کئی پارٹیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ ان میں ہیتھرو ائرپورٹ کو چلانے والی فرم بھی شامل ہے جس نے لاہور اور اسلام آباد کے ائرپورٹوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت خلیجی ائرلائنوں کا پاکستان میں آپریشن محدود کرنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دو طرفہ معاہدوں پر نظر ثانی کی جارہی ہے ۔ اس سوال کے جواب میں کہ اگر خلیجی ائرلائنوں کا آپریشن محدود کیا گیا تو اس سے ان ممالک کے ساتھ تعلقات کشیدہ بھی ہوسکتے ہیں ، محمد میاں سومرو نے کہا کہ اس پر احتیاط سے کام ہورہا ہے اور یہ آپریشن بتدریج محدود کیا جائے گا ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی میں پروفیشنل انتظامیہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل کی اسامی پر مستقل تعیناتی کے لیے جلد ہی اشتہار دیا جائے گا ۔ جناح ٹرمینل پر فائر ایگزٹ کے راستے بند ہونے کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جناح ٹرمینل میں ہنگامی صورتحال میں استعمال کے راستے کھولنے کے بارے میں اقدامات کر رہے ہیں۔