مشترکہ بحری مشقیں دنیا کیلئے پاکستان میں امن کا پیغام ہے،وزیراعلیٰ سندھ

102
کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کثیرا لملکی امن مشق 2019میں شریک مختلف ممالک کے وفود کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کثیرا لملکی امن مشق 2019میں شریک مختلف ممالک کے وفود کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کی جانب سے کثیر القومی بحری امن مشقوں کی میزبانی سے یہ واضح پیغام جاتا ہے کہ پاکستان میں امن و استحکام ہے اور امن کے لیے ہم مشرق اور مغرب کی نیویز کے ساتھ مل کر ایک پلیٹ فارم پر عالمی سطح پر بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کثیر القومی بحری امن مشقوں کے وفد کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفد کے سربراہان کا تعلق 40 مختلف ممالک سے تھا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری سید ممتاز شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ بھی شریک تھے۔ وفدکی سربراہی پاکستان نیوی کے ہیڈ کموڈور ظفر اقبال نے کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نیول 2007ء سے کثیر القومی بحری امن مشقوں کی میزبانی کرتا آر ہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصدبحر ہند کے ریجن میں امن کو پروان چڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کامیاب مشقوں اور بہترین میزبانی پر پاکستان نیوی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن مشقیں تربیت کے لحاظ سے بہترین فورم ہے اور کراچی کو امن مشقوں کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمندر کے کنارے آباد ہے جس کی وجہ سے اس کی اہمیت دنیا میں بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی امن کا گہوارہ ہے اور دنیا کے چند بہترین شہروں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔مختلف ممالک کے وفود نے پاکستان نیوی کی پروفیشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ دوران ملاقات وزیراعلیٰ سندھ نے مہمان نیوی کے افسران کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں کچھ عرصہ پہلے امن و امان کا مسئلہ تھا۔ مگراس وقت کراچی کا امن بہترین ہے، سیاسی ،سماجی، ادبی ، تجارتی سرگرمیاں اب یہاں عروج پر ہیں۔ سندھ کے عوام بنیادی طور پر پْر امن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ مہمان نیول وفود امن مشقوں اور شہر کے دورے سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے۔مراد علی شاہ نے امن مشقوں میں تمام ممالک کے نیول وفود کو خوش آمدید کہا۔