سیاسی اور علاقائی بحرانوں سے لاکھوں انسان متاثر ہیں،لیاقت بلوچ

47
لاہور:سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منصوبہ عمل 2019ء مشاورتی اجلاس ہو رہاہے
لاہور:سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منصوبہ عمل 2019ء مشاورتی اجلاس ہو رہاہے

لاہور( نمائندہ جسارت )سیاسی اور علاقائی بحرانوں کی وجہ سے لاکھوں انسان متاثر ہیں ، خواتین اور بچوں کی زندگیاں المناک صورتحال سے گزررہی ہیں، مخیر حضرات اور رفاہی اداروں کا تعاون بہت بڑی نعمت اور الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات قابل قدر ہیں یہ بات جماعت اسلامی پاکستان کےسیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع کیا ۔ کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں کے معززین کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبدالشکور نے بریفنگ میں آگاہ کیا کہ شامی اور روہنگیا مہاجرین بڑی ابتر حالت میں ہیں۔ موسمی شدت نے مہاجرین کے مسائل و مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیاہے ۔ الخدمت نے گزشتہ 6 ماہ میں 150 یتیم اور 250 شامی بچوں کی کفالت اور تعلیمی اخراجات ، متاثرہ خاندانوں میں راشن پیک ، ونٹر پیکیج تقسیم کیے ہیں ۔شامی اور روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لیے ترکی ، انڈونیشیا ، آسٹریلیا اور بنگلا دیش کی رفاہی تنظیموں کے تعاون سے سرگرمیاں جاری ہیں ۔ گزشتہ عید الفطر ، ماہ رمضان اور عید الاضحی کے موقع پر بھی مہاجرین کیمپوں میں اشیائے ضروریات مہیا کی گئیں ۔ مجموعی طور پر 34 کروڑ روپے کے امدادی کام کیے گئے ہیں۔لیاقت بلوچ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عالم اسلام کی قیادت اتحاد امت کے جذبے سے بحرانوں سے نجات حاصل کرے ۔ بنگلا دیشی حکومت روہنگیا مہاجرین کی امداد ی سرگرمیوں پر پابندی کی بجائے آسانیاں پیدا کرے یہ انسانیت کی خدمت ہے ۔