پیپلز پارٹی سندھ کی تباہی اور بربادی کی اصل ذمے دار ہے

50

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی سندھ کی تباہی اور بربادی کی اصل ذمے دار ہے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ حیدر آباد کے ترجمان نے پیپلز پارٹی حیدر آباد کے رہنماؤں کی جانب سے HMC میں کرپشن اور پرویز مشرف دور میں ہونے والے NRO کے حوالے سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے عمل کو الٹاچور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ NRO کس کی فرمائش اور ضرورت تھا، یہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ NRO پر کس نے دستخط کیے اور اپنے شوہر و کرپشن کے بادشاہ سمیت پی پی پی کے کرپٹ رہنماؤں کو محفوظ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد NROسے فائدہ حاصل کرنے والوں کا احتساب شروع ہوگا اور قومی دولت لوٹنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو تباہ کرنے والے صرف اور صرف اپنے ذاتی مفاد اور اقتدار کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے الزام تراشی میں مصروف ہیں۔ پی پی پی رہنما اپنے احتساب کے عمل کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ کیونکہ کرپشن کی رانی اور راجہ بہن بھائی اب جے آئی ٹی اور نیب کی عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12 مئی کے ذمے داروں کا یقیناًمحاسبہ ہونا چاہیے، 27 دسمبر بے نظیر کے قتل پر مہاجر آبادیوں اور سرکاری املاک کو تباہ و برباد کرنے والے اور معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو بھی منطقی انجام تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔ متحدہ ترجمان نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ وہ سندھ کے سابق وزیر بلدیات شیرجیل میمن، جام خان شورو سمیت تمام بلدیاتی اداورں کی نیب سے تحقیقات کروائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ