پی پی ایل فٹبال لیگ‘آرمی نے نیشنل بینک کو ہرادیا

65

ملتان(جسارت نیوز) پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں پاکستان آرمی نے کم بیک کرتے ہوئے نیشنل بینک کو 2۔1سے زیر کرلیا،دوسرے میچ میں کے الیکٹرک نے یکطرفہ مقابلے میں اشرف شوگر ملز کو 4۔0سے مات دیدی۔قاسم باغ اسٹیڈیم ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں دونوں جانب سے اچھی مووز بنائے جانے کے باوجود ہاف ٹائم تک کوئی گول نہیں ہوسکا،وقفہ کے بعد نیشنل بینک نے شیر علی کے گول کی بدولت ابتدا میں ہی برتری حاصل کرلی،آرمی کے جوابی حملوں میں تیزی آئی، بالآخر کھیل کے 69ویں منٹ میں نثار احمد نے گول داغ کر مقابلہ 1۔1سے برابر کردیا، دباؤ کا شکار نیشنل بینک کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیل کے 82ویں منٹ میں حسنین نے فیصلہ کن گول کردیا،میچ کا اختتام 2۔1سے آرمی کی برتری پر ہوا۔دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن کے الیکٹرک نے ابتدا سے ہی غلبہ برقرار رکھا،محمد رسول نے 11ویں منٹ میں فاتح ٹیم کا کھاتہ کھولا، ڈیفنڈرز نے پہلے ہاف میں اشرف شوگر ملز کے جوابی حملوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا۔وقفہ کے بعد کے الیکٹرک کے مرتضٰی حسین نے 48ویں منٹ میں کامیاب کوشش سے اسکور 2۔0کردیا، محمد رسول نے 79ویں منٹ میں گول داغ کر برتری بڑھائی، آخری لمحات میں عبدالرحمان نے کے الیکٹرک کی جانب سے چوتھا گول کردیا۔یاد رہے کہ کے الیکٹرک ٹیم نے ابھی تک 4میچز میں 8پوائنٹس کیساتھ ٹاپ پر جگہ بنارکھی ہے

Print Friendly, PDF & Email
حصہ