کسٹمز نے 2 کروڑ روپے کی چھالیہ اسمگلنگ ناکام بنادی

48

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پریوینٹونے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل ( کے آئی سی ٹی ) اورالحمد کنٹینر ٹرمینل سے کلیئر ہونے والے کنسائن منٹس سے 2کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چھالیہ کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا ۔پلاسٹک رولز کی آڑ میں 54ہزار کلو گرام اور پرانے جوتوں کے کنسائن منٹس میں 18.9ٹن چھالیہ برآمد کرلی گئی، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پریوینٹو کلکٹریٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پورٹ قاسم ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے لیے پلاسٹ فلم رول کی آڑ میں چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران پریوینٹو کلکٹریٹ نے میسر سن گریور کی جانب سے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے لیے درآمد کیے جانے والے 2کنٹینرز کی مشترکہ ایگزامینیشن کا فیصلہ کیا اور مشترکہ ایگزامینیشن کے دوران دونوں کنٹینر ز کو کھولا گیا تو انکشاف ہو اکہ اس میں پلاسٹک فلم رولز کے بجائے 27ہزار کلو گرام چھالیہ موجود ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میسر سن گریور نے کلیئرنگ ایجنٹ میسر پروگریسیو کی ملی بھگت سے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے لیے جبل علی سے درآمد کیے جانے والے پلاسٹک رولز کی آڑ میں ایک کروڑ 55لاکھ روپے مالیت کی 54ہزار کلو گرام چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش کی جسے پریوینٹو کلکٹریٹ نے ناکام بنا دیا ۔ علاوہ ازیں پریوینٹو کلکٹریٹ نے ایک دوسری کارروائی کے دوران خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے الحمد کنٹینر ز ٹرمینل سے کلیئر ہونے والے سیکنڈ ہینڈ شوز کے کنسائن منٹس میں 18.9ٹن چھالیہ کی اسمگلنگ ناکام بنا تے ہوئے میسر ز پاک لائن شپنگ سروسز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پریوینٹو کلکٹریٹ جس ٹرالر پر کنسائن منٹس کو الحمد کنٹینر ز ٹر مینل سے کلیئر کیا گیا تھا ،پریوینٹو کلکٹریٹ کی ٹیم نے اس کنٹینر ز کا پیچھا کیا ،ڈرائیو ر موقع دیکھ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا تے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، ذرائع نے بتایا کہ کنٹینر کو جب کھولا گیا تو اس میں شروع میں 22تھیلے سیکنڈ ہینڈ شوز رکھے ہوئے تھے جس میں 73ہزار مالیت کے شوز تھے جبکہ دیگر تھیلوں میں 18900کو گرام چھالیہ رکھی ہوئی تھی جن کی مالیت 50لاکھ 36ہزار روپے بتائی جاتی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ