گلف فوڈ نمائش چاول کی بر آمدات بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی، چوہدری سمیع اللہ

102
گلف فوڈ میں شرکت کرنے والے ممتاز رائس ایکسپورٹرز کارفیق سلیمان سینئر وائس چیئرمین REAPکے ساتھ گروپ فوٹو
گلف فوڈ میں شرکت کرنے والے ممتاز رائس ایکسپورٹرز کارفیق سلیمان سینئر وائس چیئرمین REAPکے ساتھ گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے سینئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے گذشتہ روز گلف فوڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ گلف فوڈ نمائش خوراک کے سلسلے میں ہونے والی دنیا کی اہم ترین نمائش ہے جس میں دنیا کے کئی ممالک خصوصاََ خوراک کے برآمدکنندگان مثلاََ پاکستان ، بھارت ، تھائی لینڈ ، ویتنام و دیگر ممالک کی کمپنیاں اپنے اسٹال لگاتی ہیں ۔ یہ نمائش 22فروری تک جاری رہے گی ۔اس نمائش میں پاکستان پویلین کے انتظامات وفاقی وزارت تجارت کے ادارے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان TDAPکے زیرنگرانی ہوتے ہیں ۔اس سال وفاقی سیکرٹری تجارت یونس دھاگہ اور سیکرٹری TDAPانعام اللہ خان نے خصوصی دلچسپی لے کر اس نمائش میں پاکستانی پویلین کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں جو کہ امید ہے کہ آئندہ سال اس میں مزید بہتری آئے گی ۔ پاکستان سے چاول کے ایکسپورٹرز نے بڑی تعداد میں اپنی کمپنیوں کے دیدہ زیب اسٹال لگائے ہوئے ہیں جو اس نمائش کے دوران اپنی پروڈکٹ کی مارکیٹنگ کریں گے۔ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں تمام دنیا سے تاجر برادری اور اس کے علاوہ بڑی تعداد میں چاول کے خریدار بھی اس نمائش کا دورہ کرتے ہیں جس سے امید ہے کہ پاکستان کے چاول کے ایکسپورٹرز کو اچھے بر آمدی آرڈر ملنے کا امکان ہے جو کہ چاول کی بر آمدات بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے ۔ چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAP چوہدری سمیع اللہ نے بتایا کہ اس نمائش کے دوران 20فروری کو ہم ایک بڑا پروگرام پاکستانی چاول کے بڑے خریداروں کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقد کر رہے ہیں۔

جس میں متوقع مہمان خصوصی دبئی کے وزیر برائے سائنسی تحقیقات جناب شیخ نہیان بن مبارک ال نہیان اور پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک ہوں گے ۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کرنے جارہی ہے ۔ اس پروگرام میں دنیا کے اہم ممالک سے چاول کے بڑے خریدار جن کو REAPکے ممبرز نے نامزد کیا ہے کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کا ایک اچھا تاثر نمایاں ہوگا جو کہ مستقبل میں ان خریداروں اور REAPکے ممبرز کے مابین تجارتی تعلقات میں مزید بہتری لائے گا ۔ اس کے علاوہ اس تقریب میں دنیا کے کئی ممالک کے بڑے خریدار موجود ہوں گے جن سے REAPکے ممبرز کا ان کے ساتھ اچھا INTERACTIONرہے گا جو کہ چاول کی بر آمدا ت بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی بر آمدی قیمتیں عدم استحکام /مندی کا شکار ہیں کیونکہ گلف فوڈ کی وجہ سے تمام چاول بر آمد کرنے والے ممالک خصوصی مارکیٹنگ کرتے ہیں جس کی وجہ سے بھی بر آمدی قیمتیں زوال پذیر ہوتی ہیں تاہم ہمیں امید ہے کہ آئندہ مہینوں میں ہمیں پاکستانی چاول کی بہتر قیمتیں حاصل ہوسکتی ہیں ۔ اس نمائش میں شرکت کرنے والے ممتاز چاول کے ایکسپورٹرز میں چوہدری محمد شفیق، ملک محمد جہانگیر ، جاوید علی غوری، فواد حامد غریب، شاہد تو ا والا ، ندیم پولانی ، ٹیکا مل، چیلارام کیولانی ودیگر REAPکے ممبرزشامل ہیں ۔