پشاور زلمی کواعزاز کے دفاع کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی‘محمد حفیظ

160

دبئی (جسارت نیوز)پشاور زلمی کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے لیگ کے نئے ایڈیشن میں کامیابی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ ٹیم کو لگاتار دوسرے سال چیمپئن بننے اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی۔پشاور زلمی کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ چکی ہے اور ہفتے کو ٹیم نے پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ میرا ہمیشہ سے ماننا رہا ہے کہ چاہے ہم اچھا کریں یا برا لیکن وہ گزر چکا ہے اور ہم ماضی کی یادوں میں رہ کر زندہ نہیں رہ سکتے، ہم چیمپیئن ہیں لیکن ہمیں اس اعزاز کو برقرار رکھنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی بنیاد وہی ہے اور ٹیم کا حصہ بننے والے نوجوان کھلاڑیو ں نے اسے مزید طاقت بخشی ہے۔