عراق ؛کار بم دھماکے میں 21 افراد جاں بحق

202
بغداد: عراق کے شہر طوزخورماتو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں سبزی منڈی تباہ ہوگئی ہے‘ چھوٹی تصویر تباہ ہونے والی گاڑی کی ہے
بغداد: عراق کے شہر طوزخورماتو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں سبزی منڈی تباہ ہوگئی ہے‘ چھوٹی تصویر تباہ ہونے والی گاڑی کی ہے

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے شمال میں واقع شہر طوز خورماتو میں ایک خودکش بم حملے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہو گئے۔ خبررساں اداورں کے مطابق کرکوک کے جنوب میں صوبہ صلاح الدین کے شہر طوزخورماتو میں منگل کے روز کیے گئے اس حملے میں سبزیوں اور پھلوں کی ایک مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ ٹرک حملے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ مقامی پولیس کے افسر نے دھماکے کو خودکش حملے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔بعض ذرائع ابلاغ نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 23اور زخمیوں کی 50تک بتائی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں دکاندار اور خریدار شامل ہیں، جن میں سے اکثریت عرب باشندوں کی ہے۔ یہ عرب باشندوں حال ہی میں طوزخورماتو کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔ طوزخورماتو کے رکن پارلیمان نیازی معمار اولو کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا کئی برسوں کے دوران ہونے والا بدترین دھماکا ہے۔ واضح رہے کہ طوزخورماتو میں کرد، ترکمن اور عرب قوموں کے لوگ آباد ہیں۔ ڈیڑھ لاکھ آبادی کا یہ شہر تیل کی دولت سے مالامال کرکوک شہر سے 75کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بغداد اور اربیل کے درمیان تصادم کے وقت یہاں بھی جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اب کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی تھی۔ ماضی میں شدت پسند تنظیم داعش ایسے حملوں کی ذمے داری قبول کرتی رہی ہے۔