کلورو کوئین کی کورونا مریضوں پر آزمائش روک دی گئی

660

سوئیڈن میں ملیریا کی دوا کلوروکوئین کے منفی نتائج سامنے آنے پر کورونا وائرس کے مریضوں پر اس دوا کی آزمائش روک دی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت اسٹاک ہوم سے 200 میل دور واقع شہر کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے شدید بیمار مریضوں کو آزمائشی بنیادوں پر کلوروکوئین دی جارہی تھی۔

مشاہدے میں اس دوا کے مضر صحت نتائج بھی سامنے آئے، بعض مریضوں کو دوا تجویز کیے جانے کے بعد ان میں سر درد، بینائی اور دل کی دھڑکن ناہموار ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔

ڈاکٹرز نے سائیڈ افیکٹ سامنے آنے کے بعد کورونا کے مریضوں کو کلوروکوئین دینے سے روک دیا ہے اور اس کی آزمائش بھی بند کر دی گئی ہے۔

چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملیریا کی دوا کلوروکوئین کو کورونا مریضوں کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے اسے استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

دوسری جانب برطانیہ میں بھی آزمائش مکمل ہونے تک کورونا کے مریضوں کا کلوروکوئین دینے سے روک دیا گیا ہے۔