پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر طیارے سے میزائل فائرکرنے کا کامیاب تجربہ

102

اسلام آباد (آن لائن) پاک فضائیہ نے جے ایف17تھنڈر ملٹی رول لڑاکا طیارے سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ملکی ساختہ میزائل کا میاب تجربہ کیا ہے‘ کامیاب تجربے سے تھنڈر طیارے کو دن اور رات میں طویل فاصلے تک اہداف کو بالکل ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔ ائرچیف مارشل مجاہدانور خان نے کہا کہ دشمن نے ہم پرجارحیت مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ نے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کرکے دشمن بھارت کو خبردار کردیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کے مذموم مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فضائیہ نے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ تجربہ جے ایف تھنڈر 17طیارے سے کیا گیا‘ میزائل طویل فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ترجمان پی اے ایف کا کہنا ہے کہ جے ایف تھنڈر کو ملکی سطح پر تیار جدید میزائل سے لیس کردیا گیا‘ طیارے کو جدید میزائل کے ذریعے دن اور رات میں اہداف کو صحیح نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔ اس موقع پرائر چیف مارشل مجاہد انور خان اور عسکری حکام بھی موجود تھے۔ ائر چیف مارشل نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرزکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے قوم کو مبارکباد دیہے۔ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے‘دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے۔