جماعت اسلامی جنوبی کے زیر اہتمام کالاپل میں فری میڈیکل کیمپ 

66
جماعت اسلامی جنوبی کے زیر اہتمام کالا پل میں فری میڈیکل کیمپ میں مریضوں کو طبی امداد دی جارہی ہے
جماعت اسلامی جنوبی کے زیر اہتمام کالا پل میں فری میڈیکل کیمپ میں مریضوں کو طبی امداد دی جارہی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام بائی سوکال ویلفیئر کمیٹی کے تعاون سے ریلوے کالونی کالا پل میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں جنرل فزیشن، ماہر امراض اطفال، ماہر امراض ذیابیطس اور ماہر امراض چشم نے علاقہ مکینوں کا طبی معائنہ کیا اور مفت دوائیں بھی دیں، کیمپ سے بچوں اور خواتین سمیت ساڑھے تین سو سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے جنرل سیکرٹری سفیان دلاور، امیر زون کینٹ محمد حیان اور دیگر مقامی ذمے دارا ن بھی موجود تھے۔جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے جنرل سیکرٹری سفیان دلاور نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے نتیجے میں عوام کی کمر توڑ دی ہے اور کمر توڑ مہنگائی کے باعث لوگ علاج معالجے اور تعلیم سے بھی محروم ہو گئے ہیں ۔تبدیلی کے نام پر لوگوں سے جینے کا حق بھی چھینا جا رہا ہے ، ایسے میں جماعت اسلامی لوگوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ماہرین طب کے مطابق غیر صحت مند طرز زندگی کے سبب بیشتر مریضوں کو ذیابیطیس کا مرض لاحق ہے ، بچے الرجی، سینے اور پیٹ کے امراض میں مبتلا پائے گئے جبکہ گندگی اور گردو غبار کے باعث آنکھوں کے امراض بھی بڑھ رہے ہیں۔ماہرین طب نے مریضوں کو مفت دواؤں کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے صحت مند طرز زندگی اپنائیں،مرغن اور چکنائی والی غذاؤں سے پرہیز کریں،سافٹ ڈرنکس کااستعمال ترک کر دیں اور روزانہ آدھا گھنٹہ ورزش کو عادت بنائیں، سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کریں، ان کا کہنا تھا کہ رات رات جاگ کر کمپیوٹر اور موبائل کا استعمال بھی آنکھوں اور صحت کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں صفائی رکھیں اور پانی اُبال کر پئیں، باہر نکلتے وقت اپنا منہ ڈھانپ کر رکھیں اور موٹر سائیکل سوار عینک کا استعمال کریں۔