غزہ میں ہفتہ واری احتجاج‘ اسرائیلی فائرنگ سے 2شہید

22
غزہ: سرحد پر ہفتہ واری احتجاج کے دوران فلسطینی شہری اسرائیلی فوج پر سنگ باری کررہا ہے‘ چھوٹی تصاویر شہید نوجوانوں کی ہیں
غزہ: سرحد پر ہفتہ واری احتجاج کے دوران فلسطینی شہری اسرائیلی فوج پر سنگ باری کررہا ہے‘ چھوٹی تصاویر شہید نوجوانوں کی ہیں

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) غزہ میں ہفتہ واری احتجاج کے دوران مزید 2 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض صہیونی فوج نے غزہ کی سرحد پر احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ گولیاں چلائیں اور آنسو گیس برسائی، جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ شہید نوجوان کی شناخت 17 سالہ حمزہ محمد اشتیوی اور 14 سالہ حسن ایاد شلبی کے نام سے کی گئی۔ علاوہ ازیں فلسطین کے تاریخی شہر الخلیل میں 1993ء سے متعین عالمی امن مشن کے عملے کو بے دخل کرنے کے اسرائیلی فیصلے کو سلامت کونسل میں زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی نے سلامتی کونسل کو ایک درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الخلیل شہر سے عالمی امن فورس کے اہل کار وں اور مبصرین کی بے دخلی سے شہر میں مقیم فلسطینیوں کے جان ومال غیر محفوظ ہوجائیں گے۔ سلامتی کونسل نے فلسطینی درخواست منظور کرتے ہوئے عالمی امن مشن کے مبصرین کی الخلیل سے بے داخلی کے معاملے کو زیربحث لانے کا فیصلہ کیا ہے۔