میئر کپ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا20 نومبر سے آغاز ہوگا

48

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام میئر کپ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا20 نومبر سے آغاز ہورہا ہے۔ اولمپئن حنیف خان اور ڈاکٹر جنید علی شاہ اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کراچی میں 20 سے30 نومبرتک منعقدہ میئرکپ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ میں کراچی کے 6 ڈسٹرکٹ کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے لئے مختلف کمیٹی قائم کردی گئی ہیں۔ ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین اولمپئن سمیع اللہ ،ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپین حنیف خان، چیف پیٹرن صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سابق وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ ،دو وائس چیئرمین اقبال محمد علی، شاکر علی اور ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری حیدر حسین ہونگے۔انٹرڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے ٹیموں کو انٹری کے نام نومبر تک فراہم کرنے کی حتمی تاریخ دی گئی ہے۔ کے ایچ اے کے سیکریٹری اور ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری حیدر حسین کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک ہونے والی 6 ڈسٹرکٹس کے سیکریٹریز کو اپنی ٹیموں کی تشکیل جلد مکمل کرکے کھلاڑیوں کے نام کے ایچ اے آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ سیکریٹری حیدر حسین نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے سیکریٹری ڈاکٹر ایس اے ماجد، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے سیکریٹری عارف حیات، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے سیکریٹری عبدالعظیم خان، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سیکریٹری صغیر احمد، ڈسٹرکٹ ملیر کے سیکریٹری جاوید اقبال اور ڈسٹرکٹ کورنگی کے سیکریٹری ارشد حسین کو اپنی ٹیموں کے18 کھلاڑیوں اور3 آفیشلز کے نام 14 نومبر تک فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ