زلفی بخاری اور شہزاد سیلم کیخلاف درخواستیں سماعت کیلیے مقرر

46

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) عدالت عظمیٰ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری کے خلاف نااہلی کی درخواست اور ڈی جی نیب شہزاد سیلم کے خلاف جعلی ڈگری سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی‘ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پیر کو 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا‘ اس سلسلے میں فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری کے خلاف نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے‘ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ پیر (12نومبر ) کو کرے گا۔ عادل چٹھہ نے زلفی بخاری کی دہری شہریت پر بطور معاون خصوصی نا اہلی کی درخواست دائر کی ہے ۔ دریں اثنا عدالت عظمیٰ نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے خلاف جعلی ڈگری کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ سماعت 12نومبر کو کرے گا۔ عدالت عظمیٰ نے فریقین کو نوٹس جاری کردیا ۔ دوسری جانب چےئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے انٹرویو کا ٹی وی ریکارڈ پیمرا سے طلب کرلیا اور کہا ہے کہ ریکارڈ کے تحت دیکھیں گے کہ اراکین اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا تو کیسے ہوا ہے‘ نیب تمام اراکین اسمبلی کا احترام کرتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ