ماسکو میں پاک بحریہ کے سربراہ کی روسی ہم منصب سے ملاقات 

57

اسلام آباد (اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے روس کے سرکاری دورے کے دوران روس کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ولادی میر کرولی یَو سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہیڈ کوارٹرز آمد پر ایڈمرل ولادی میر کرولی یو نے پاک بحریہ کے سربراہ کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور روایتی گارڈز نے اعزازی سلامی پیش کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول دو طرفہ بحری اشتراک اور دونوں بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبہ جات پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ دونوں شخصیات نے کثیرالقوامی بحری چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور خدمات بشمول بحری قزاقی کے خاتمے اور ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول کے اقدام پر روشنی ڈالی۔ روس کی بحریہ کے سربراہ نے پاک بحریہ کے کردار اورخدمات کو سراہا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ