شمالی کوریا کے پاس 20 سے 60 ایٹم بم ہیں‘ سیؤل حکومت

86
سیؤل: جنوبی کوریا کے وزیر برائے اتحاد چو میونگ گیون صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں
سیؤل: جنوبی کوریا کے وزیر برائے اتحاد چو میونگ گیون صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں

سیؤل (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی کوریا کے وزیر برائے اتحاد چو میونگ گیون نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس اندازاً 20 سے 60 کی تعداد تک ایٹمی اسلحہ موجود ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے پارلیمان میں ایک رکن اسمبلی کے سوال کے جواب میں کہا کہ شمالی کوریا کے پاس 20 سے60 تک ایٹمی بم ہو سکتے ہیں۔ وزارت اتحاد کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چو میونگ گیون کے الفاظ کا یہ مطلب نہیں ہے کہ جنوبی کوریا شمالی کوریا کو ایک جوہری حکومت کے طور پر دیکھتا ہے۔ جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان اور شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ ان کے درمیان شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں ملاقات ہوئی تھی۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ امریکا کی طرف سے ضروری اقدامات کیے جانے کی صورت میں شمالی کوریا،جزیرہ نما کوریا کو جوہری اسلحہ سے پاک کرنے کے معاملے میں مزید قدم اٹھائے گا۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان 1953ء میں طے پانے و الے فائر بندی کے سمجھوتے کے ساتھ عملی طور پر جنگ ختم ہو بھی گئی ہو تو بھی امن سمجھوتے پر دستخط نہ ہونے کی وجہ سے تکنیکی طور پر ابھی تک علاقے میں جنگ کی حالت قبول کی جا رہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ