وزارت مواصلات نے 75 دنوں کیلیے اہداف مقرر کرلیے، مراد سعید

103
اسلام آباد: وزیر مملکت مراد سعید میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیر مملکت مراد سعید میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وفاقی وزارت مواصلات نے 75 دنوں کے لیے اہداف کا تعین کر دیا ہے، شفافیت اور احتساب کے وزیراعظم کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وزارت مواصلات کے 6 منصوبوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائے جائیں گے، این ایچ اے کی 177 عام اور 42 لگژری گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، یہ ایسی گاڑیاں تھیں جس کو قواعد و ضوابط سے ہٹ کر استعمال کیا جا رہا تھا اور ان کی مرمت
پر سالانہ 3 کروڑ روپے کے اخراجات آ رہے تھے، وزارت بالخصوص این ایچ اے کے زیر استعمال اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات ہوں گے۔ اراضی کے حصول اور تجاوزات کے خاتمے کا ہدف 75 دنوں میں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش ہو گی، ہمیں توقع ہے کہ اس سے وزارت کو 1700 کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔ چکدرہ کالام سڑک کے منصوبے کو آئندہ موسم گرما کے آغاز تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، این ایچ اے اور موٹروے پولیس کے حوالے سے 20 نکاتی پروگرام تیار ہے، آئندہ ہفتے اس کا آغاز ہوگا۔ اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ان کی وزارت نے 75 دنوں کے اہداف مقرر کیے ہیں جس میں شفافیت اور احتساب کو ملحوظ رکھا جائے گا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مواصلات کے شعبوں میں ایسے منصوبے شروع کرنا چاہتی ہے جس کے اقتصادی فوائد ہوں اور ملک میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو جائے، اس سے بالواسطہ طور پر روزگار کے مواقع بھی سامنے آئیں گے۔ ماضی میں من پسند لوگوں کو ٹھیکے دینے اور کمیشن کا ذکر کثرت سے سننے میں آتا تھا بلکہ عالمی اداروں کی رپورٹوں میں بھی بار ہا بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں بڑے منصوبوں میں کرپشن ہوتی ہے اس صورتحال کے تناظر میں ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ اور ای بلنگ کا طریقہ کار اپنایا ہے جس سے شفافیت کو فروغ حاصل ہو گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ