تارکین وطن کو جہازوں سے اترنے نہ دیا جائے‘ آسٹریا، اٹلی

56

ویانا/روم (انٹرنیشنل ڈیسک) اٹلی اور آسٹریا کے وزرائے داخلہ نے بحیرہ روم سے بازیاب کیے گئے مہاجرین کو جہازوں پر روکنے کی حمایت کردی۔ ویانا میں یورپی یونین اور افریقی ممالک کے درمیان اجلاس میں تجویز سامنے آئی کہ یورپ آنے والے مہاجرین کو پناہ کی درخواستوں پر عمل ہونے تک بحیرہ روم میں عارضی طور پر جہازوں میں رکھا جائے۔ اجلاس میں الجزائر، چاڈ، مراکش، نائیجر، مالی اور تیونس کے نمایندے بھی موجود تھے۔ آسٹریا ئی وزیر داخلہ ہیربرٹ کیکل نے اٹلی کے وزیر داخلہ ماتیو سالوینی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران متنازع تجویز کی حمایت کی۔
جنوبی کوریائی صدر منگل کو پیانگ یانگ جائیں گے
سیؤل (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی کوریا ئی صدر مون جائے اِن منگل کے روز شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ پہنچ رہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ شمالی کوریائی رہنماکم جونگ ان سے ملاقات کریں گے۔ رواں برس کے دوران کوریائی رہنماؤں کی یہ تیسری ملاقات ہے، جس میں جزیرہ نما کوریا میں امن کے قیام کے حوالے سے مذاکرات کیے جائیں گے۔ اس سے قبل دونوں ممالک نے سرحدی مقام کائیسونگ میں رابطے کا دفتر بھی قائم کر دیا ہے۔ اس اقدام کو جزیرہ نما کوریا میں جاری مصالحتی کاوشوں کی ایک اہم کڑی قرار دیا جارہاہے۔
شام: داعش کے حملے میں 20 امریکا نواز کرد باغی ہلاک
دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز مشرقی شام میں داعش کے جنگجوؤں نے ایک گوریلا کارروائی کے دوران ڈیموکریٹک فورسز کے 20 جنگجو ہلاک کر دیے۔ عرب ٹی وی کے مطابق مبصرین برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دیر الزور میں خراب موسم، آندھی اور ریت کے طوفان سے فائدہ اٹھا کر داعش کے جنگجوؤں نے امریکی حمایت یافتہ ڈیموکریٹک فورسز کے ایک مرکز پر حملہ کیا۔
ترک کوششیں کامیاب روس ادلب پر فوری حملہ نہیں کر سکتا
انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک حکام کی کوششوں سے روس شام پر فوری طور پر حملہ نہیں کرسکتا۔تفصیلا ت کے مطابق روس اور ترکی عالمی سطح پر وہ کئی امور میں متفق ہیں، تاہم شامی تنازع میں دونوں کے درمیان اختلاف ہے۔ ایک ترک سفارت کار کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے شام پر حملہ ہوگا، لیکن سردست کسی فوری حملے کا امکان نہیں ہے۔ ادلب کے سوا پورے شام پر بشار الاسد کی فوج قبضہ کرچکی ہیادلب پر شامی فوج کے ممکنہ حملے کو روس کی تائید حاصل ہے۔ ترک حکومت ادلب پر حملے کی صورت میں پیدا ہونے والے انسانی المیے کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.